0

ڈالر سستا ہونے اور اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے سلسلے کو بریک لگ گئی

ڈالر سستا ہونے اور اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے سلسلے کو بریک لگ گئی
نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ہو گئی، اسٹاک ایکسچینج بھی مندی کا شکار رہی
ڈالر سستا ہونے اور اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے سلسلے کو بریک لگ گئی

اسلام آباد(ا11 دسمبر 2023ء) ڈالر سستا ہونے اور اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے سلسلے کو بریک لگ گئی، نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ہو گئی، اسٹاک ایکسچینج بھی مندی کا شکار رہی ۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قدر میں 3 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 283 روپے 90 پیسے پر بند ہوا ہے۔
جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 25 پیسے کمی کیساتھ 284 روپے 75 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے۔ دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کا منفی رجحان رہا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا منفی رجحان رہا، کاروباری روز کے اختتام پر 100 انڈیکس 211 پوائنٹس کمی کیساتھ 66 ہزار 12 پوائنٹس پر بند ہوا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے کے اختتام تک پی ایس ایکس میں ریکارڈ تیزی کا سلسلہ جاری رہا اور 1500 پوائنٹس سے زائد کے اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 66 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ سٹاک مارکیٹ میں آج 25 ارب 20 کروڑ 19 لاکھ 37 ہزار 752 روپے مالیت کے 61 کروڑ 33 لاکھ 93 ہزار 284 شیئرز کا لین دین ہوا۔ پیر کے روز جہاں پاکستانی روپے اور اسٹاک مارکیٹ میں صورتحال مایوس کن رہی، وہیں صرافہ مارکیٹوں میں سونا سستا ہو گیا۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخ کم ہوگئے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 6 ڈالرز کمی کیساتھ 2018 ڈالرز ہوگئی جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 200 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت میں 171 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 15 ہزار 400 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 84 ہزار 671 روپے ہوگئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں